Friday, December 3, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

قصور:7 سالہ زینب کے قتل کیخلاف پورا شہر سراپا احتجاج

قصور:7 سالہ زینب کے قتل کیخلاف پورا شہر سراپا احتجاج
January 10, 2018

قصور (92 نیوز) قصور میں سات سالہ زینب کے قتل کے خلاف پورا شہر سراپا احتجاج ہے۔ مشتعل مظاہرین نے ڈی سی آفس پر دھاوا بول دیا۔ پولیس کی ہوائی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے جس کے بعد حالات مزید کشیدہ ہوگئے۔ مظاہرین نے ملزمان کی گرفتاری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔

قصور میں سات سالہ ننھی پری زینب امین کے قتل کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے۔ انصاف کی دہائی کیلئے احتجاج شہر بھر میں پھیل گیا۔ پولیس کی ناکامی پر لوگ مشتعل ہوگئے۔ گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی۔

مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے پولیس نے ہوائی فائرنگ کی مگر گولیوں کی تڑتڑاہٹ بھی مظاہرین کو منتشر نہ کر سکی۔ پولیس کی فائرنگ کے بعد حالات مزید کشیدہ ہو گئے۔

دوسری جانب فیروزپور روڈ کو مکمل طور پر ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب موقع پر پہنچ کر ملزمان کو گرفتار کروائیں۔

وزیرقانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے چند گھنٹوں میں ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی بھی کرائی ہے لیکن مشتعل مظاہرین منتشر ہونے کا نام نہیں لے رہے۔۔