قصور کی ننھی زینب کی تیسری برسی آج منائی جا رہی ہے

قصور (92 نیوز) قصور کی ننھی زینب کی تیسری برسی آج منائی جا رہی ہے۔ زینب کے والدین آج بھی اس معصوم کی یاد میں آنکھیں نم کر کے دل کا بوجھ ہلکا کرتے ہیں۔
اغواء کے بعد جنسی حوس کانشانہ بننے والی قصور کی بے قصور زینب کو بچھڑے تین برس بیت گئے۔ گلاب کی پتیوں سے ننھی کلی کی قبر کو سرخ رنگ میں ڈھانپتا یہ زینب کا باپ امین انصاری ہے، جو ہر نئے سال نم آنکھوں سے ایک سفاک کی حیوانیت کا شکاراپنی بیٹی کے غم میں ڈوب جاتا ہے۔
زینب کی والدہ کا کہنا ہے کہ وہ آج بھی اپنی بیٹی کے غم میں نڈھال ہے،
واقعے کا افسوس کرنے تو سب آئے لیکن کسی نے کوئی تعاون نہیں کیا سب نے اپنی سیاست چمکائی ہے۔
ننھی زینب کی برسی پر بابا بلھے شاہ کی نگری کے باسی آج بھی خوف میں مبتلا ہیں، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسا قانون بنایا جائے جس سے معصوم کلیاں خباثت کا شکار ہونے سے بچ سکیں۔