قصور واقعہ کی ذمہ دار حکومت‘ انتظامیہ اور پولیس ہے : قومی کمیشن برائے انسانی حقوق
اسلام آباد (92نیوز) قصور واقعہ پر قومی کمیشن برائے انسانی حقوق نے رپورٹ پیش کر دی جس میں کہا گیا ہے کہ واقعات کی ذمہ دار حکومت، انتظامیہ اور پولیس ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق کے سربراہ جسٹس (ر) علی نواز چوہان نے اسلام آباد میں منعقدہ ایک میڈیا بریفنگ میں قصور واقعہ پر اپنی رپورٹ پیش کردی۔
کمیشن کے سربراہ علی نواز چوہان نے کہا کہ قصور میں بچوں سے زیادتی کے واقعات سے پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوئی۔
حکومت، انتطامیہ اور پولیس واقعہ کی صریحاً ذمہ دار ہے۔ علی نواز چوہان نے کہا کہ الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مصداق پولیس درخواست گزاروں کے خلاف مقدمات درج کرتی رہی۔
جسٹس چوہان نے کہا کہ نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق واقعہ کی عدالتی تحقیقات کو مکمل طور پر مانیٹر کریگا اور چیف سیکرٹری سے ماہانہ بنیادوں پر رپورٹ طلب کی جائے گی۔
علی نواز چوہان کا کہنا تھا کہ کمیشن ابھی تک بغیر دفتر اور بجٹ کے کام کر رہا ہے۔ بجٹ نہ ہونے کے باعث کمیشن کے ارکان بلوچستان کا دورہ بھی نہ کرسکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت جلدازجلد انسانی حقوق برائے کمیشن کو بجٹ فراہم کر دیگی۔