Thursday, September 19, 2024

قبائل اور خیبرپختونخوا کے عوام نے دہشت گردوں کو نکال باہر کیا : آرمی چیف

قبائل اور خیبرپختونخوا کے عوام نے دہشت گردوں کو نکال باہر کیا : آرمی چیف
April 2, 2016
پشاور (92نیوز) کور ہیڈ کواٹرز پشاور میں ہونے والے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کر لیے گئے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ قبائلیوں اور خیبرپختونخوا کی جرات مند اور غیور عوام نے دہشت گردوں کو تنہا کر دیا۔ قبائلی علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کئے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس کور ہیڈکواٹرز پشاور میں ہوا۔ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے اجلاس میں آرمی چیف، گورنر کے پی کے، وزیر اعلیٰ، ڈی جی آئی ایس آئی، کور کمانڈر پشاور اور دیگر اعلیٰ عسکری و سول حکام نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس کے دوران صوبے میں امن و امان کی صورتحال، آپریشن ضرب عضب، پاک افغان باڈر مینجمنٹ، آئی ڈی پیز کی واپسی اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران شوال آپریشن کے آخری مرحلے میں ملنے والی کامیابیوں اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ آرمی چیف نے دہشت گردوں کے خلاف ڈٹ جانے پر فاٹا اور کے پی کے کے جرات مند اور غیور عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی بہادری اور جرات کی وجہ سے دہشت گردوں کو تنہا کر دیا گیا ہے۔ آرمی چیف نے ہدایت کی کہ قبائلی علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبے اعلیٰ معیار کے ساتھ بروقت مکمل کئے جائیں۔ اجلاس میں پاک افغان بارڈر مینجمنٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور تورخم سمیت تمام کراسنگ پوئنٹس پر باڈر مینجمنٹ کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ افغانستان کے ساتھ درپیش مسائل کے حل کے لئے ایک اعلیٰ سطحی وفد جلد کابل کا دورہ کرے گا۔ اجلاس کے دوران اتفاق کیا گیا کہ پاک افغان سرحد کے قریب پاکستانی حدود میں موجود تمام غیرقانونی مواصلاتی ٹاورز بند کئے جائیں گے تاکہ ان علاقوں سے آنے والی بھتہ خوروں کی کالز کی روک تھام کا یقینی بنایا جائے۔