Saturday, July 27, 2024

قاتلوں سے حساب لیں گے‘ بلاول بھٹو کا وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ

قاتلوں سے حساب لیں گے‘ بلاول بھٹو کا وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ
April 30, 2016
کوٹلی (92نیوز) پیپلزپارٹی نے آزاد کشمیر میں اپنی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا اور اس سلسلے میں کوٹلی میں پہلا جلسہ کر ڈالا۔ جلسے میں جیالوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ آج کے جلسے کو ن لیگ کی دہشت گردی کا شکار ہونے والے شہداءکے نام کرتے ہیں اور وہ قاتلوں کو انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا جب تک نہتے کشمیریوں اور فلسطینیوں کا خون بہے گا دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ ملک میں انتہاپسندی اور شدت پسندی میں اضافہ ہو رہا ہے اور نون لیگ کی حکومت کشمیر میں یہی کچھ کر رہی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم نوازشریف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی کشمیر پر کھل کر بات نہیں کی۔ لیگی حکومت نے مسئلہ کشمیرکو پس پشت ڈال دیا ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا آسیہ اندرابی کی گرفتاری پر وزیراعظم نوازشریف نے ایک لفظ بولنا گوارا نہیں کیا۔ میاں صاحب نے کبھی مقبوضہ کشمیر کے مظالم پر کبھی مذمت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ مقبوضہ اورآزاد کشمیر کی عوام کو حقوق کے تحفظ کا یقین دلاتے ہیں۔ نوازشریف کی حکومت ہچکولے کھا ر ہی ہے۔ انہوں نے پاناما لیکس کی تحقیقات تک وزیراعظم کو مستعفی ہونے کا مشورہ بھی دیا۔ بلاول بھٹو نے کہا نوازشریف بیمار بن کر لندن بھاگ جاتے ہیں۔ ایک نمائندے کو امریکہ دوسرے کو پاناما کے وزیرخزانہ کے پاس بھیج دیتے ہیں۔ یقینا کوئی تو بات ایسی ہے جسے چھپایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ن لیگ کی شکست کشمیر سے شروع ہوگی اور ہار انکا مقدر ہے۔ انہوں نے جلسہ گاہ میں ”گر تی ہوئی دیوا ر کو ایک دھکا اور دو“ کے نعرے بھی لگوائے۔ بلاول نے کہا کہ نوازشریف کے دن گنے جا چکے ہیں۔ اسلام آباد میں بیٹھے بادشاہ سلامت کشمیر کونسل کا فنڈچوری کرکے ن لیگ کے امیدواروں میں بانٹ رہے ہیں۔ نادرا بوگس لسٹیں بنا رہی ہے‘ ایک بار پھر 2013ءکے عام انتخاب کے ایکشن ری پلے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ نون لیگ دھاندلی کی ماہر ہے اس لیے وہ کشمیری بہن بھائیوں کو ن لیگ جیسی جماعت کے حوالے نہیں کرنا چاہتے۔ بلاول بھٹو نے وزیراعظم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام ملکر مودی کے یار نوازشریف کو شکست دیں۔ میاں صاحب لیڈر نہیں بزنس مین ہیں۔ انکی فارن پالیسی میں بزنس انٹرسٹ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا ایک سو ارب کی اورنج ٹرین دنیا کا بیکار ترین منصوبہ ہے۔ پیٹرول کی قیمت کم ہوگئی لیکن ٹیکس میں اضافہ کرکے غریب کو لوٹا گیا۔ یہ قوم اب ان سے حساب مانگ رہی ہے۔ انہوں نے کہا وہ پاناما لیکس کا پیچھا کریں گے کیونکہ میاں صاحب نے قوم سے معافی نہیں مانگی۔ جلسوں میں نکل کر نوازشریف کو اندازہ ہو گیا ہے کہ انکا جانا اب مقصود ہو چکا۔ بلاول نے کہا انہیں یقین ہے کہ انکی حکومت آئینی مدت پوری نہیں کر سکتی۔