Wednesday, October 5, 2022

قابض بھارتی فوج نے ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا

قابض بھارتی فوج نے ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا

سری نگر ( 92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے ، قابض فوج نے ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارتی فو رسز نے بزدلانہ کارروائیاں  کرتے ہوئے چار نہتے اور مظلوم کشمیریوں  کو شہید کر دیا ہے۔

قابض بھارتی فوج نے ظلم اور بربریت کی انتہا کر دی، بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران وادی کے ڈسٹرکٹ اسلام آباد میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔  اسی علاقے میں قابض بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک کشمیری خاتون بھی شدید زخمی ہو گئیں۔

گزشتہ روز  بھارتی فوج نے  سوپور کے علاقے میں نام نہاد اور جھوٹے سرچ آپریشن کے دوران تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا۔ دوسری جانب بھارتی فوج نے جماعت اسلامی کے درجنوں رہنماؤں اور کشمیری نوجوانوں کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔

ادھر  آزادی کے جذبے سے سرشار مقبوضہ وادی کے باہمت اور غیور کشمیری آج یوم شہدائے کشمیر منا رہے ہیں، پورے علاقے میں بھارتی فوج نے مکمل لاک ڈاؤن کر رکھا ہے ،مقبوضہ وادی میں کرفیو جیسی صورتحال ہے۔

حریت رہنما سید علی گیلانی کی جانب سے ہڑتال کی کال بھی دی گئی ہے تاکہ بین الاقوامی طاقتوں تک مظلوم کشمیریوں کی آواز پہنچ سکے اور وہ نہتے اور مظلوم کشمیریوں پر مودی حکومت کے ظلم اور بربریت کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔