Saturday, July 27, 2024

قائد ایم کیو ایم کی پڑوسن بلقیس مختار نے بھی بغاوت کر دی

قائد ایم کیو ایم کی پڑوسن بلقیس مختار نے بھی بغاوت کر دی
April 6, 2016
کراچی (92نیوز) ایم کیو ایم کی رکن سندھ اسمبلی بلقیس مختار نے بھی پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں مصطفیٰ کمال کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بلقیس مختار نے ایم کیو ایم کو چھوڑنے کا اعلان کیا۔ بلقیس مختار مخصوص نشست پر رکن سندھ اسمبلی ہیں۔ مصطفیٰ کمال نے بلقیس مختار کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا ہماری پارٹی میں شامل ہونا اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا بلقیس مختار ایم کیوایم کی پہلی رابطہ کمیٹی کی ممبر رہی ہیں۔ وہ 2002ءسے اب تک تیسری مرتبہ ایم پی اے بن چکی ہیں۔ وطن پرستی کے قافلے میں شامل ہونے پر انہیں مبارک باد دیتا ہوں۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ ہزاروں لوگوں کا قافلہ شامل ہو چکا ہے۔ ہماری آمد کے بعد ایم کیو ایم والے کارکنوں سے تمیز سے بات کرنے لگ گئے ہیں۔ ایم کیوایم کارکنان کو ہمارا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قائد ایم کیو ایم کی باتوں میں آ کر اپنی زندگیاں خراب نہ کریں۔ کارکنوں نے ان کے نام پر قبرستان بھر کے کیا کیا؟ : نسلیں تباہ ہوگئیں سب ”را“ کے ایجنٹ ہو گئے مگر یہ ابھی بھی معافی مانگنے کو تیار نہیں ہیں۔ اللہ جس کے ضمیر پر پردہ ڈال دے اسے ہدایت نہیں ملتی۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اگر انہیں 27سال بعد اصلاح کا خیال آیا ہے تو کیا نئی اصلاح کے لیے مزید 27سال لگا دیے جائیں۔ کوئی اسٹیبلشمنٹ ہمارے ساتھ نہیں ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ہوتی تو لوگوں کو مرنے مارنے کی باتیں کر رہے ہوتے۔ ہم نہتے لوگ ہیں کہتے ہیں کہ کسی سے لڑائی نہیں کرنی۔ انہوں نے کہا اللہ کے بجائے انسان سے زندگی کی بھیک مانگتے ہیں۔ بلقیس مختار کا عمل اور جرات قابل تعریف ہے۔