قائد اعظم ؒ کا 71 واں یوم وفات آج منایا جا رہا ہے

کراچی ( ویب ڈیسک ) بانی پاکستان و بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کا 71 واں یوم وفات آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے ۔ مزار قائدؒ پر مسلح افواج کے جوان وافسران ، سیاسی رہنما اور عام عوام حاضری دیں گے ۔
قائد اعظم محمد علی جناح 11ستمبر 1948 کو پاکستان کے معرض وجود میں آنے کے ایک سال اور ایک ماہ بعد وفات پا گئے تھے ، انہیں ان کے آبائی شہر کراچی میں سپرد خاک کیا گیا ، قوم آج ان کا 71 واں یوم وفات عقیدت و احترام سے منارہی ہے ۔
اس موقع پر سرکاری طور پر اور نجی طور پر مختلف تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ ان تقریب میں محمد علی جناحؒ کی پاکستان کے لئے دن رات کوششوں اور دشمن کی عیاری سے نبرد آزما ہونے اور پاکستان کے قیام میں آنے کے واقعات پر روشنی ڈالی جائے ۔
مزار قائد پر مسلح افواج اور سیاسی نمائندے حاضری دیں گے جب کہ عام لوگ بھی فاتحہ خوانی کے لئے قائد کی قبر پر پہنچیں گے ۔
ملک بھر میں سیمینارز،مذاکرے ،جلسوں اور مختلف تنظیموں کی جانب سے تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا، سیاسی و سماجی شخصیات بانی پاکستان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کریں گے ۔بانی پاکستان ؒ25دسمبر 1876ء کو وزیر مینشن کراچی میں پیدا ہوئے اور 11ستمبر 1948ء کو وفات پا ئی ۔