Friday, January 28, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

قائداعظم کا 140واں یوم ولادت، مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

قائداعظم کا 140واں یوم ولادت، مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب
December 25, 2016

کراچی (92نیوز) بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے ایک سو چالیسویں یوم ولادت پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔ پاکستان ایئرفورس سے کاکول اکیڈمی کے چاق وچوبند دستے نے گارڈزکے فرائض سنبھال لیے۔ تقریب میں مہمان خصوصی میجر جنرل عبداللہ ڈوگر کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول تھے۔

پی ایم اے کاکول کیڈٹس کی قیادت سینیر کیڈٹ آفیسر عمران نے کی۔ تقریب سے پہلے قومی ترانے کی دھن کے بعد قومی سلام پیش کیا گیا۔ اس کے بعد مہمان خصوصی میجرجنرل عبداللہ ڈوگر کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول نے پریڈ کا معائنہ کیا۔

پریڈ کے بعد مزار پر تلاوت قرآن پاک ہوئی۔ میجر جنرل عبداللہ ڈوگر کی جانب سے مزار قائد پر پھول چڑھائے گئے۔ مہمان خصوصی نے فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلم بند کئے۔ یومِ قائداعظم پر آج ملک بھر میں تقریبات ہوں گی۔

قائداعظم کے مزار کے زیریں حصے میں ان کی پوری سوانح نوادرات کی صورت محفوظ ہے۔ ایوان نوادرات میں سب سے پہلے قائداعظم کی دو گاڑیاں رکھی ہیں۔ ایک 1947ماڈل کی بلیک کیڈلک کار جو بحیثیت گورنر جنرل آپ کے زیراستعمال رہی جبکہ دوسری 1938 ماڈل کی پیکارڈ آپ کے ذاتی استعمال میں رہی۔

میوزیم میں کہیں بحیثیت وکیل جناح صاحب کا دفتر سجا ہوا ہے تو ایک طرف ان کی خواب گاہ ہے۔ قائداعظم اپنے وقت کی خوش لباس ترین شخصیت تھے جس کا اندازہ ان کے ملبوسات کو دیکھ کرہوتا ہے۔

بابائے قوم کو کھیلوں میں بلیئرڈ اور گالف پسند تھے جس کا ثبوت یہاں موجود گالف اسکٹس اور مختلف قسم کے جوتے ہیں۔ آگے بڑھیں تو ایک  طویل ڈائننگ ٹیبل رکھا ہے جس پر قائداعظم کا پسندیدہ کھجی کے ڈیزائن والا ڈنر سیٹ بھی موجود ہے۔

اس کے ساتھ ہی قائداعظم کی نشست گاہ ہے۔ جناح صاحب کے قریبی ساتھیوں کا کہنا ہے کہ قائداعظم نے یہیں اہم سیاسی فیصلے کئے۔ اس میوزیم میں قائداعظم کو پیش کئے جانے والے سپاس نامے، نظمیں اور ان کے زیرمطالعہ قران پاک کے نسخے بھی موجود ہیں۔