فیٹے کاٹنے ، منصوبے لگنے کے باوجود بجلی نہیں بنی ، اسد عمر
اسلام آباد ( 92 نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ فیتے کاٹنے،منصوبے لگنے کے باوجود بجلی نہیں بنی،لوڈ شیڈنگ کی صورتحال جوں کی توں ہے ۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی ، اسد عمر کا کہنا تھا کہ ن لیگی پالیسیوں نے ملک قرضوں میں ڈبو دیا،نگران حکومت تنقید کے بجائے قوم کو سچ بتائے۔اسد عمر نے مزید کہا کہ بتایا جائے کیا معیشت چند ماہ بھی چل سکتی ہے،معاشی پالیسی بھی واضح کی جائے ۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنمااسدعمرنے پریس کانفرنس میں کہا کہ مسلم لیگ ن کی پالیسی نے پاکستان کو قرضوں کے دلدل میں ڈبودیا ہے ، جن شرائط پر قرضے لئے گئے وہ انتہائی خطرناک ہے ، 11ارب ڈالرز کے ذخائر گر کر 10ارب ڈالرز سے کم ہو گئے ہیں۔
اسد عمر کا کہناتھاکہ سابق وزیر اعظم بتائیں کہ لوڈ شیڈنگ ختم ہو گئی ، شاہد خاقان عباسی نے قوم کو حقائق نہیں بتائے،بجلی منصوبوں کے فیتے کاٹنے کے باوجود بجلی بحران میں کمی نہ ہوئی ، انھوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں کو قوم کے سامنے آکر سچ بولنا ہوگا۔
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا کہ معیشت کو بچانے کیلئے بڑے فیصلے کرنے کی ضرورت ہے ، معیشت کی اس خطرناک سطح پر الیکشن ہونے تک کا انتظار نہیں کیا جا سکتا ،فوری پالیسی مرتب کی جائے۔