فیفاورلڈکپ،میکسیکو نے دفاعی چیمپئن جرمنی کو شکست دیدی
ماسکو ( 92 نیوز) فیفا ورلڈ کپ 2018 کے اہم میچ میں میکسیکو نے دفاعی چیمپئن جرمنی کو ایک گول سے شکست دے کر اپ سیٹ کر دیا ۔ جرمنی کی شکست پر دنیا حیرت میں پڑ گئی ،دوسرے میچ میں سربیا نے کوسٹا ریکا کو ایک صفر سے شکست دی ۔
میگا ایونٹ کے چوتھے دن میکسیکو نے دفاعی چیمپئن جرمنی کو ایک صفر سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا اب تک کا سب سے بڑا اپ سیٹ کر دیا ۔ ماسکو کے لوزنیکی اسٹیڈیم میں میچ کو 81ہزار شائقین نے دیکھا ،میکسیکو کےہرونگ لوزینونے دفاعی چیمپئن جرمنی کے خلاف 35ویں منٹ میں گول کیا تو جرمن مداحوں کو سانپ سونگھ گیا اور میکسیکو کے حامیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
میکسیکو نے کھیل کے باقی تمام وقت نہ صرف جرمنی کو گول نہیں کرنے دیا بلکہ جرمن ٹیم پر دباؤ بھی بڑھاتی رہی ، میچ کا واحد گول کرنے والے لوزینوکا کہنا ہے وہ نہیں کہہ سکتے کہ یہ میکسیکو کی سب سے بڑی فتح ہے تاہم بڑی فتوحات میں سے ایک ضرور ہے ۔
اس سے پہلے سربیا اور کوسٹاریکا کی ٹیمیں ہوئیں آمنے سامنے اور پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں گول نہ کر پائیں ۔
دوسرے ہاف میں سربیا نے شاندار کھیل پیش کیا اور کھیل کے 56ویں منٹ میں گول کردیا ۔ فاتح ٹیم کی جانب سے واحد گول ایگزینڈر کولاروا نے کیا۔