Sunday, December 4, 2022

فیصل آباد کی سبزی منڈیوں میں کورونا سے بچاؤ کے انتہائی ناقص انتظامات

فیصل آباد کی سبزی منڈیوں میں کورونا سے بچاؤ کے انتہائی ناقص انتظامات
فیصل آباد (92 نیوز) فیصل آباد کی سبزی منڈیوں میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے انتظامات انتہائی ناقص ہیں، احتیاطی تدابیر کے بغیر بیک وقت ہزاروں خریداروں کا رش اور کچرے کے ڈھیر لگے ہیں، جیسے مارکیٹ کمیٹی نے خلاف ورزی کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ سبزی منڈیوں میں خریداروں کا بے پناہ ہجوم  ہے، حفاظتی انتظامات کچھ بھی نہیں، فیصل آباد جھنگ روڈ پر واقع سدھار سبزی منڈی، کچرا کنڈی کی شکل اختیار کرگئی۔ ضلع بھر سے روزانہ ہزاروں افراد سبزی و پھل خریدنے یہاں کا رخ کرتے ہیں، لیکن مارکیٹ کمیٹی انتظامیہ کو کوئی پرواہ نہ عوام کو اپنی کچھ فکر ہے۔ آڑھتی بھی بغیر ماسک اور سینی ٹائزر ہاتھوں ہاتھ سبزیاں بیچ کر کاروبار چلا رہے ہیں، دکانوں اورپتھاروں کے درمیان مناسب فاصلہ نہیں رکھا گیا، عوام بھی کندھے سے کندھا ملائے کھڑے ہیں، کھانے پینے کے ٹھیلے بھی سجے ہیں۔ کوئی بھی احتیاط نہیں کر رہا، روزانہ ہزاروں افراد کے ہاتھ دھونے کے لیے کلورین والے پانی کا انتظام کرنا مشکل ہے تو صفائی ستھرائی بھی آسان نہیں۔ جگہ جگہ کچرے کے ڈھیروں پر مکھیاں پنپ رہی ہیں مچھر پل رہے ہیں جو سرعام بیماریاں بانٹ رہے ہیں۔ خونی وائرس سے بچائو کے اقدمات نہ صفائی ستھراتی، موجودہ حالات میں سبزی منڈی کے ناقص انتظامات انتظامیہ کی کارکردگی کا کھلے عام پول کھول رہے ہیں۔