Sunday, October 2, 2022

فیصل آباد کا حلقہ این اے 107 بنیادی سہولیات سے بھی محروم

فیصل آباد کا حلقہ این اے 107 بنیادی سہولیات سے بھی محروم
فیصل آباد ( 92 نیوز ) فیصل آباد کا حلقہ این اے 85 جو نئی حلقہ بندی میں این اے 107 میں تبدیل ہو چکا ہے سیوریج، پینے کے صاف پانی اور دوسری بنیادی سہولیات سے محروم ہے، حلقہ کے منتخب نمائندے وزارت کے منصب پر فائز رہے، اہل حلقہ کہتے ہیں کہ انہیں اپنے نمائندے سے رتی برابر بھی فائدہ نہیں ملا۔ حلقہ کے عوام نے یہاں ہمیشہ اپنا ووٹ حاجی اکرم انصاری کے پلڑے میں ڈالا ، قسمت کی دیوی ہر بار مہربان ہوئی اور انہیں وزارت بھی ملتی رہی   لیکن جتنے زیادہ اختیارات  ملے  اتنی ہی عوامی مسائل کے حل میں چشم پوشی دیکھی گئی ، لیکن موصوف اس بات کو ماننے کیلئے تیار نہیں ۔ سابق رکن اسمبلی کہتے ہیں کہ انہوں نے تمام مسائل حل کروا دئیے ہیں ، لیکن حلقہ کی حالت زار دیکھیں تو قادر آباد ، غلام محمد آباد سمیت دیگر علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی  اور نکاسی آب کا مسئلہ جوں کا توں ہے ، سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں ، اہل علاقہ بھی سابق رکن اسمبلی کو کھری کھری سنا رہے ہیں۔ اہل حلقہ کا کہنا ہے کہ اب بہت ہو گیا  کارکردگی پر الیکشن لڑنے والے اب کس منہ سے ان کے پاس ووٹ مانگنے آئیں گے ۔ سابق ن لیگی رہنما اکرم انصاری نے پانچ سال تک اقتدار کے خوب مزے تو لوٹے مگر وزارت ملنے کے باوجود اپنے علاقے کے مسائل کو کسی خاطر میں نہ لائے۔