Sunday, September 25, 2022

فیصل آباد : پی ایم سی چوک کیپٹن اسفند یار شہید کے نام سے منسوب

فیصل آباد : پی ایم سی چوک کیپٹن اسفند یار شہید کے نام سے منسوب
فیصل آباد (92نیوز) فیصل آباد میں پی ایم سی چوک کو کیپٹن شہید اسفند یار چوک کا نام دے دیا گیا ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مملکت عابد شیر علی اور شہید اسفند یار کے والد بھی موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق پی ایم سی چوک کو پاک فوج کے بہادر افسر کیپٹن اسفند یار شہید کے نام پر رکھ دیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مملکت عابد شیر علی‘ شہید کے والد اور ڈی سی او فیصل آباد سمیت شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ عابد شیر علی کا کہنا تھا دہشت گردوں کا ہر حال میں خاتمہ ضروری ہے‘ ہمیں اپنی بہادر فوج پر فخر ہے۔ افتتاح کے موقع پر شہید کے والد کا کہنا تھا کہ کیپٹن اسفند یار بخاری ملک دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر لڑے اور جام شہادت نوش کر گئے۔ انہوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنا دیے‘ مجھے اپنے بیٹے پر فخر ہے۔ کراچی آپریشن کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ کسی سیاسی جماعت کے خلاف آپریشن نہیں ہے بلکہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے ہے اور جب تک دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہو جاتا اس وقت تک جاری رہے گا۔