Saturday, September 21, 2024

فیصل آباد، نومولود بچوں کو اغوا کر کے بیچنے والا گروہ پکڑاگیا

فیصل آباد، نومولود بچوں کو اغوا کر کے بیچنے والا گروہ پکڑاگیا
June 9, 2018
فیصل آباد (92 نیوز) فیصل آباد میں پولیس نے درجنوں نومولود بچوں کو اغواء کے بعد فروخت کرنے والا گروہ پکڑ لیا، ملزمان میں الائیڈ اسپتال کی 30 سال پرانی ملازمہ بھی ملوث نکلی ۔ فیصل آباد کے اسپتالوں میں زچگی کے بعد نومولود بچوں کو اغواء اور پھر پیسوں کے عوض فروخت کرنے والا 5 رکنی گروہ پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔ پکڑے جان والے ملزمان میں الائیڈ اسپتال کی 30 سال سے کام کرنے والی ملازمہ بھی ملوث نکلی، خورشید نامی ملزمہ نے نہ صرف جرم کا اعتراف کیا بلکہ کئی سینئر ڈاکٹرز کا بھی نام لے دیا، تاہم اسپتال انتظامیہ نے خاتون کے الزامات کی تردید کر دی۔ ملزمہ کے مطابق اسپتال سے اغواء ہونے والی بچی کا1 لاکھ 80 ہزار جبکہ بچے کا 3لاکھ 60 ہزار وصول کیا جاتا تھا، دوسری جانب 4 سال قبل الائیڈ اسپتال سے اغواء ہونےوالے بچے کی متاثرہ والدہ بھی سامنے آ گئی جس کا کہنا تھا کہ جڑواں بچوں کی پیدائش کے بعد اسپتال انتظامیہ نے صرف ایک بچہ ان کے حوالے کیا گیا، اور دوسرا غائب کر دیا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ سول لائن میں مقدمہ درج کرنے کے بعد مزید تفتیش کی جا رہی ہے، جبکہ الائیڈ اسپتال انتظامیہ نے ملازمہ خورشید کو فوری نوکری سے معطل کر دیا ہے ۔