Thursday, October 6, 2022

فیصل آباد میں درندگی کا نشانہ بننے والی فضا سپرد خاک

فیصل آباد میں درندگی کا نشانہ بننے والی فضا سپرد خاک
فیصل آباد ( 92 نیوز ) فیصل آباد میں درندگی کا شکار بننے والی ننھی فضا کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا، نماز جنازہ میں اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر لواحقین نے گرفتار ملزم کو سر عام پھانسی دینے کا مطالبہ دوہرایا۔ بابا کی ننھی گڑیا ہمیشہ کے لیے منوں مٹی تلے جا سوئی، نواباں والا کی 6 سالہ معصوم فضاء کو عبدالزاق نامی درندے نے بے دردی سے عصمت دری کے بعد گلا دبا کر موت کے گھاٹ اتار دیا، ماں باپ کی اکلوتی بیٹی کا جنازہ اٹھا تو ہر آنکھ اشک بار تھی، مظفر کالونی میں نماز جنازہ کی ادایئگی میں اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ فضاء کے ساتھ گھناؤنا فعل کرنے والا ملزم عبدالرزاق پولیس ریکارڈ میں سزا یافتہ نکلا، ملزم نے 2009 میں دوست کے ساتھ مل کر سمیرا نامی بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا، سزا کے باوجود درندہ صفت شخص نے کوئی سبق حاصل نہ کیا، فضاء کے والد کا مطالبہ ہے کہ ملزم کو سر عام پھانسی دے کر نشان عبرت بنایا جائے۔ تصویر میں فضا کی معصومیت بھری آنکھیں اپنے ساتھ ہونے والے ظلم پر سراپا سوال ہیں، دوسری جانب لاہور سے گرفتار ہونے والے مرکزی ملزم کو فیصل آباد منتقل کر کے پولیس کی جانب سے تفتیش کی جا رہی ہے۔