Wednesday, December 7, 2022

فیصل آباد: عابد شیر علی کے والد چودھری شیر علی کا مسلم لیگ ن کیخلاف جلسہ، پارٹی کیخلاف شدید نعرے بازی

فیصل آباد: عابد شیر علی کے والد چودھری شیر علی کا مسلم لیگ ن کیخلاف جلسہ، پارٹی کیخلاف شدید نعرے بازی
فیصل آباد (نائنٹی ٹو نیوز) وفاقی وزیر عابد شیر علی کے والد چودھری شیر علی نے فیصل آباد میں مسلم لیگ ن کے خلاف ہی جلسہ کر دیا۔ پارٹی کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور الزام لگایا کہ بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹوں کی بندربانٹ کی گئی۔ یہ نعرے بازی مسلم لیگ ن کی مخالف جماعت کے جلسے میں نہیں بلکہ ن لیگ کے جلسے میں ہی لگ رہے تھے اور نعرے لگوا رہے تھے وفاقی وزیر عابد شیر علی کے والد چودھری شیر علی۔ فیصل آباد میں انتخابی مہم کے دوران جلسے میں چودھری شیر علی اپنی ہی جماعت سے خفا خفا نظر آئے۔ انہوں نے  الزام لگایا کہ بلدیاتی انتخابات کے لئے ٹکٹوں کے حوالے سے بندر بانٹ کی گئی اور بندروں کو ٹکٹ دینے کا اختیار دے دیا گیا۔ سیانے کہتے ہیں بندر کو ماچس نہیں پکڑاتے کیونکہ بندر سارا شہر جلا دیتا ہے۔ چودھری شیر علی کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں بالٹی شیر سے زیادہ مقبول ہوگئی ہے۔ یہاں کوئی جعلی شیر ہی ہے۔