Thursday, September 29, 2022

فیصل آباد، تیس مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب

فیصل آباد، تیس مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب
فیصل آباد (92 نیوز) فیصل آباد میں تیس مستحق جوڑوں نے جیون کے نئے سفر کا آغاز کرلیا، اجتماعی شادی کی خوشیوں بھری تقریب پارلیمنٹرین شہباز بابر گجر نے سجائی۔ ایم این اے شہباز بابر گجر کی سمندری میں واقع حویلی میں اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب سجائی گئی جس میں دلہا اور دلہن کے رشتے داروں کی بڑی تعداد مدعو تھی۔ مستحق جوڑوں نے ایک ساتھ زندگی کے سفر کا آغاز کیا، بیٹیوں کے ہاتھ پیلے ہونے پر والدین خوشی سے پھولے نہ سمائے اور منتظمین کو ڈھیروں دعائیں دیں۔ تقریب کے منتظم ایم این اے چوہدری شہباز بابر کا کہنا تھا کہ پندرہ سالوں سے اجتماعی شادیوں کی تقریب سجا رہے ہیں۔کوشش کرتے ہیں کہ جہاں تک ہو سکے عوام کا دکھ درد بانٹا جائے، نو بیاہتا جوڑوں کو ضروریات زندگی کی اشیاءپر مشتمل جہیز بھی دیا گیا۔