فیصل آباد: الائیڈ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت، بی کام کا طالب علم اختر جاں بحق، لواحقین کا احتجاج
فیصل آباد (نائنٹی ٹو نیوز) الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے نتیجے میں بی کام کا طالب علم اختر جاں بحق ہو گیا۔ لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے ہسپتال میں توڑ پھوڑ کی۔ ڈاکٹروں نے چار افراد کو یرغمال بنا لیا۔
ڈاکٹروں نے روایتی غفلت کا مظاہرہ کیا تو بی کام کا طالب علم محمد اختر جان کی بازی ہار گیا۔ اختر کے والد کا کہنا ہے کہ اختر کو بخار کی وجہ سے ہسپتال لایا گیا۔ یہاں پہلے تو کسی نے بات ہی نہ سنی پھر اسے نہ جانے کیسا انجکشن لگایا کہ اس کے فوری بعد اس کی حالت بگڑ گئی اور اس نے تڑپ تڑپ کر جان دے دی، کوئی ڈاکٹر اس وقت موجود نہ تھا۔
لواحقین نے اس پر احتجاج کیا تو ڈاکٹر بھی جمع ہو گئے، نوبت ہاتھا پائی تک آن پہنچی۔ مشتعل مظاہرین نے توڑ پھوڑ کی تو ڈاکٹر بھی پیچھے نہ رہے۔ پہلے تو عملے کی مدد سے مظاہرین کو تشدد کا نشانہ بنایا بعد میں چار افراد کو یرغمال بنا لیا۔
پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین سے مذاکرات کر کے معاملہ رفع دفع کرایا اور یرغمال بنائے گئے افراد کو بازیاب کروا کر میت ان کے حوالے کر دی۔