Wednesday, December 7, 2022

فیصل آباد،تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام اجتماعی شادیوں کی تقریب

فیصل آباد،تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام اجتماعی شادیوں کی تقریب
فیصل آباد ( 92 نیوز) فیصل آباد میں تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب ہوئی  جہاں 12 جوڑوں نے زندگی کے نئے سفر کا آغازکر دیا ۔  خوبصورت عروسی جوڑے پہنے پیا ملن کا اچھوتا احساس لیے دلہنیں  خوشی سے سرشار نظر آئیں۔ مہندی لگے ہاتھ ، ماتھے پہ جھومر، چوڑیوں سے بھری نازک کلائیاں اور عروسی جوڑے زیب تن کیے دلہنوں کی زندگی نئی راہ پر چل پڑی،پیا گھر سدھارنے کے لیے سجی سنوری دلہنوں کیلئے اجتماعی شادی کا اہتمام تحریک منہاج القرآن کی جانب سے کیا گیا۔ انتظامیہ نے 12 جوڑوں کو نہ صرف رشتہ ازدواج سے منسلک کرنے کا انتظام کیا بلکہ ضروریات زندگی کی اشیاء پر مشتمل سوا لاکھ روپے جہیز کا سامان بھی فراہم کیا۔ نئی زندگی شروع ہونے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے دلہنوں نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔والدین بھی بیٹیوں کی ذمہ داری سبکدوش ہونے پر رب تعالی کا شکر بجا لائے۔ منتظمین کا کہنا تھا کہ مستحق اور غربا کے لیے فی سبیل اللہ کی جانے والی یہ کاوش آئندہ بھی جاری رہے گی۔