Saturday, July 27, 2024

فیتے کاٹنے سے کچھ نہیں ہوگا، تلاشی دینا پڑیگی: عمران خان

فیتے کاٹنے سے کچھ نہیں ہوگا، تلاشی دینا پڑیگی: عمران خان
February 8, 2017

کراچی (92نیوز) عمران خان کہتے ہیں شہر قائد کسی کی وراثت نہیں، لوگ اسی کے پاس جائیں گے جو انہیں مافیا سے نجات دلائے گا، ایم کیو ایم کی سیاست نے کراچی کو تباہ کر دیا۔ آباد کے سابق چیئرمین حنیف گوہر نے عمران خان کو سواتی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ دیا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا روشنیوں کا شہر گندگی کا ڈھیر بن گیا، پینے کے لئے پانی نہیں، ایم کیو ایم کی لسانی سیاست سے کراچی پیچھے رہ گیا، فیتے کاٹنے سے کچھ نہیں ہوگا، تلاشی دینا پڑے گی، گورنر سندھ کو قابلیت پرنہیں شریف خاندان سے وفاداری پر عہدہ ملا۔

انہوں نے کہا کراچی میں دوسرےصوبوں سے شہریوں کے آنے پر اعتراض غلط مطالبہ ہے، جو لوگ ایسا مطالبہ کرتے ہیں وہ ٹرمپ کی سوچ رکھنے والے ہیں، شہر میں کسی کی آمد کو نہیں روکا جاسکتا، البتہ غیرقانونی مہاجرین کو روکنا چاہیے۔ کپتان نے کہا وہ کالا باغ ڈیم پر بیس سال سے بات کررہے ہیں، یہ مسئلہ اتفاق رائے سے حل ہونا چاہیئے۔

دوسری جانب کراچی میں بلڈر حنیف گوہر کی رہائش گاہ پر ناشتے کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ کراچی کسی کی میراث نہیں، کراچی اس کا ہے جس کے ساتھ عوام ہے، کراچی والوں کو لینڈ مافیا، پانی مافیا اور گندگی کے ڈھیر سے نجات دلائیں گے۔

مشرف کی ملاقاتوں سے متعلق ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ سب کو متحرک ہونا چاہیئے، آج وہ لوگ بھی سیاست میں آرہے ہیں،جو سیاست سے نفرت کرتے تھے،اسی کا نام تبدیلی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ کراچی تعلیم یافتہ اور سیاسی شعور رکھنے والوں کا شہر ہے جسے ایم کیو ایم نے لسانی سیاست کرکے قومی دھارے سے دور کردیا تھا۔