فٹبال یوروکپ کا تاج اٹلی کے سر سج گیا، انگلینڈ کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست
لندن (92 نیوز) اٹلی یوروکپ کے فائنل میں برطانیہ کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر دو کے مقابلے تین گول سے شکست دے کر فٹبال کی سلطنت کا نیا یورپی چیمپئن بن گیا۔
میچ شروع ہوا تو دوسرے ہی منٹ میں انگلینڈ کے لیوک شا نے گول کرکے سنسنی پھیلا دی۔
پہلے ہاف کے اختتا م تک انگلینڈنے اٹلی کیخلاف ایک گول کی برتری برقراررکھی، دوسرے ہاف میں اٹلی نے جارحانہ اپروچ اپنائی اورانگلش گول پوسٹ پر پے درپے حملے کیے۔ 67ویں منٹ میں لیونارڈ وبنوشی نے اٹلی کی جانب سے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔
دوسرا ہاف ختم ہوا تو میچ ایک ایک گول سے برابر تھا،دونوں ٹیمیں 30منٹ کے اضافی وقت میں بھی اپنی برتری میں اضافہ نہ کرسکیں ،جس پر میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹس آؤٹ پر ہونا ٹھہرا۔
نیٹپنالٹی شوٹ آؤٹ پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑی دباؤ کا شکار نظرآئے،اٹلی نے 2اور انگلینڈنے 3پنالٹی ککس ضائع کیں۔ تاہم فتح کی دیوی اٹلی پر مہربان رہی اوروہ دوسری بار یورپین چیمپئن بننے میں کامیاب رہا۔
اطالوی ٹیم کے کھلاڑیوں اورمداحوں نے جیت کا خوب جشن منایا جبکہ افسردہ انگلش عوام آنسو بہاتے رہے ۔فاتح اوررنرزاپ ٹیموں کے کھلاڑیوں میں میڈلز تقسیم کیے گئے، اطالوی کپتان نے ٹرافی اٹھائی تو آسمان آتش بازی کے شاندار مظاہرے سے جگمگا اٹھا۔