فواد چودھری پروفیسر جاوید کے انتقال کے بعد لاش کو لگی ہتھکڑی پر رنجیدہ

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اطلاعات فواد چودھری پروفیسرمیاں جاوید کے انتقال کے بعدلاش کو لگی ہتھکڑی پر رنجیدہ ہو گئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری بھی انسانیت سوز واقعے پر چپ نہ رہے۔ ٹویٹ کیا اور کھل کر بولے۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اگر آپ طاقتور اور امیر ہیں تو کوئی مسئلہ نہیں لیکن ہاں اگر غریب اور متوسط ہیں تو موت کے بعد روح کو قید رکھنے کےلیے ہتھکڑی لگی لاش کو نمائش کےلیے پیش کیا جائے گا تا کہ لوگ عبرت پکڑ سکیں۔
وزیر اطلاعات نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اور خواجہ سعدرفیق کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کی اور کہا جمہوریت کے وسیع تر مفاد میں آپ کے وزراء کالونی میں شاندار بنگلے کو جیل قرار دیا جائے گا۔ آپ بنگلے کے سامنے گرین بیلٹ کو سیکیورٹی کے نام پر بنگلے میں شامل کرنے کی سہولت بھی لیں اور حکومت کا آڈٹ بھی کریں۔
