Tuesday, April 30, 2024

فن لینڈ کے 10سالہ بچے نے انسٹاگرام میں سکیورٹی خامی تلاش کر کے انعام جیت لیا

فن لینڈ کے 10سالہ بچے نے انسٹاگرام میں سکیورٹی خامی تلاش کر کے انعام جیت لیا
May 4, 2016
ہیلسنکی (ویب ڈیسک) فن لینڈ کے 10سالہ ہونہار بچے کو انسٹاگرام میں سکیورٹی نقص عیاں کرنے پر دس ہزار ڈالر کے انعام سے نوازا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سکینڈے نیوین کے یخ بستہ ملک فن لینڈ کے رہائشی 10سالہ بچے جانی نے پتا چلایا کہ انسٹاگرام پر دیگر صارفین کے کمنٹس کو ڈیلیٹ کیا جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ انسٹا گرام فیس بک کی زیرملکیت ہے۔ فیس بک کی انتظامیہ بچے کے اس عمل سے اتنی خوش ہوئی کہ بچے کو دس ہزار ڈالر بطور انعام دے دیے اور نقص کو ٹھیک کر لیا۔ جانی نے یہ کارنامہ دو ماہ قبل انجام دیا اور انسٹاگرام میں سکیورٹی نقص ڈھونڈ کر فیس بک کو ای میل کر دیا۔ بعدازاں فیس بک کے انجینئرز نے بچے کے دعوے کو جانچنے کیلئے اس کا ایک جعلی اکاﺅنٹ بنایا اور اسے صارفین کے کمنٹس ڈیلیٹ کرنے کو کہا۔ بچے نے جب اپنے فن کا مظاہرہ کیا تو انجینئرز حیران رہ گئے۔ جانی کا کہنا ہے کہ و ہ انعامی رقم سے اپنے لیے سائیکل، فٹ بال کا سامان اور اپنے بھائیوں کے لیے کمپیوٹر خریدیں گے۔