Saturday, July 27, 2024

فلسطینی صدرمحمودعباس آج پاکستان آ رہے ہیں

فلسطینی صدرمحمودعباس آج پاکستان آ رہے ہیں
January 30, 2017

اسلام آباد (92نیوز) فلسطین کے صدر محمود عباس دو روزہ سرکاری دورے پر آج پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ مہمان صدر پاکستانی ہم منصب ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف سے ملاقاتیں کرینگے۔ ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان فلسطینی ریاست کی ہمیشہ سے حمایت کرتا رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کےمطابق فلسطین کے صدر محمود عباس کا یہ تیسرا دورہ پاکستان ہوگا۔ محمود عباس 2005ء اور 2013ء میں بھی پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔ ان کے ساتھ آنیوالا فلسطینی وفد 17 ارکان پر مشتمل ہے جس میں پانچ وزراء بھی شامل ہیں۔ فلسطینی صدر پاکستانی ہم منصب صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف سے ملاقاتیں کرینگے۔

وزیراعظم سے ان کی ون آن ون ملاقات ہوگی۔ ون آن ون ملاقات کےبعد وفود کی سطح پر دوںوں ممالک کے درمیان  مذاکرات بھی ہونگے۔ صدر ممنون حسین فلسطینی صدر کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔ صدر محمود عباس اوروزیراعظم نوازشریف اسلام آباد میں فلسطین کے نوتعمیرشدہ سفارتخانےکا بھی افتتاح کریں گے۔

ترجمان دفترخارجہ نے فلسطینی صدر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور فلسطین کے تعلقات انتہائی مضبوط اور دیرینہ ہیں اور پاکستان فلسطینی ریاست کی ہمیشہ سے حمایت کرتا رہا ہے۔