Saturday, July 27, 2024

فلائٹ آپریشن مکمل بحال نہ ہو سکا‘ پی آئی اے ملازمین کا آج بھی احتجاج

فلائٹ آپریشن مکمل بحال نہ ہو سکا‘ پی آئی اے ملازمین کا آج بھی احتجاج
February 9, 2016
لاہور / کراچی / پشاور (92نیوز) پی آئی اے کی نجکاری کےخلاف جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی اپیل پر ملازمین آج بھی سراپا احتجاج ہیں جس کی وجہ سے تاحال فلائٹ آپریشن بحال نہیں ہو سکا۔ صرف عمرہ زائرین کو پاکستان سے لے جانے اور لانے کے لئے پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور‘ فیصل آباد‘ ملتان‘ کوئٹہ‘ کراچی اور پشاور میں آج بھی پی آئی اے کے ملازمین ہڑتال پر ہیں جس کی وجہ سے فلائٹ آپریشن بند ہے۔ پشاور میں پی آئی اے ملازمین کی جاری ہڑتال کے باعث باچا خان ایئرپورٹ پر قومی ایئر لائنز کی منگل کے روز کی 6 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ شیڈول کے مطابق آج دو انٹر نیشنل اورایک‘ ایک ڈومیسٹک پروازوں کی آمد اور روانگی تھی تاہم پی آئی اے ملازمین کی عدم موجودگی کے باعث یہ پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ فلائٹ انکوائری آفس ذرائع کے مطابق قومی ایئرلائنز کی منسوخ کی جانے والی پروازوں میں ایک‘ ایک کی دبئی اور ابوظہبی سے آمد اور پشاور سے روانگی اور ایک‘ ایک کی کراچی سے آمد اور کراچی کے لئے روانگی تھی۔ ایئرپورٹ انکوائری آفس ذرائع کا کہنا ہے کی نجی ائرلائنز کا فلائٹ شیڈول معمول کے مطابق جاری ہے۔ دریں اثنا فیصل آباد میں بھی فلائٹ آپریشن تاحال معطل جبکہ ملازمین کی ہڑتال جاری ہے جس کی وجہ سے دفاتر بدستور بند ہیں۔ پی کے 340 کراچی سے فیصل آباد اور 748 فیصل آباد سے مدینہ منورہ جانی تھیں جو کہ منسوخ کر دی گئیں۔