Monday, January 17, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

فلائٹ آپریشن تیسرے روز بھی معطل‘ پی آئی اے کو ڈیڑھ ارب کا نقصان

فلائٹ آپریشن تیسرے روز بھی معطل‘ پی آئی اے کو ڈیڑھ ارب کا نقصان
February 4, 2016
لاہور (92نیوز) پی آئی اے ملازمین کا ملک بھر میں احتجاج آج بھی جاری ہے۔ ہڑتال کے باعث قومی ایئرلائن کے طیارے آج بھی ایئرپورٹ پر کھڑے ہیں۔ فلائٹ آپریشن معطل ہونے سے لاکھوں مسافر سفر کرنے سے رہ گئے جس کی وجہ سے انہیں شدید کوفت اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دوسری جانب لاہور ایئرپورٹ کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے اور سکیورٹی فورسز واٹر کینن سے لیس ہیں۔ لاہور سے اندرون و بیرون ملک جانیوالی تین درجن سے زیادہ پروازیں منسوخ ہو گئیں جبکہ آئندہ پروازوں کو غیرمعینہ مدت کیلئے موخر کر دیا گیا۔ لاہور میں ایجرٹن روڈ پر واقع پی آئی اے کا ٹکٹنگ سنٹر بند پڑا ہے۔ دریں اثنا کراچی میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا احتجاج گیارہویں روز میں داخل ہو گئی ہے جبکہ کراچی ایئرپورٹ پر گزشتہ دو روز سے فلائٹ آپریشن معطل ہے۔ ملتان میں بھی پی آئی اے ملازمین دفاتر بند کر کے ہڑتال پر بیٹھ گئے جس کی وجہ سے ملتان ایئرپورٹ پر بھی فلائٹ آپریشن معطل ہو گیا۔ ملتان ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق تین روز کے دوران قومی ایئرلائن کی مجموعی طور پر 19 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں فلائٹ آپریشن معطل ہونے کا نجی ایئرلائنز خوب فائدہ اٹھا رہی ہیں اور ان ایئرلائنز نے کرایوں میں تین سو گنا تک اضافہ کر دیا ہے۔ اس تمام صورتحال مسافر پریشان ہیں۔ کوئٹہ میں بھی قومی ایئرلائن کی نجکاری اور کراچی سانحے کے خلاف ملازمین کا احتجاج جاری ہے۔ ملازمین نے بکنگ آفس سمیت تمام دفاتر کی تالا بندی کر دی جس سے وہاں بھی متعدد پروازیں منسوخ ہو گئیں۔ دوسری جانب پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر پی آئی اے کی سو کے قریب پروازیں ہوتی ہیں جو فلائٹ آپریشن بند ہونے کی وجہ سے معطل ہیں۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ اب تک دو سو سے زائد پی آئی اے کی پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر پی آئی اے کی سو کے قریب پروازیں ہوتی ہیں جو فلائٹ آپریشن بند ہونے کی وجہ سے معطل ہیں۔ ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ دفتر کی تالا بندی کی وجہ سے 70 کروڑ کا نقصان ہوا تھا۔ فضائی آپریشن بند ہونے کے بعد یومیہ 35 کروڑ روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ دفتر کی تالا بندی اور احتجاج کی وجہ سے اب تک ایک ارب 40 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کاکہنا تھا کہ دفاتر بند ہونے کی وجہ سے ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی مشکل ہو گئی ہے۔