Sunday, December 10, 2023

فضل الرحمن کی سیاسی چال !!! جے یو آئی (ف) قومی اسمبلی میں ایک اور قرارداد پیش کرے گی

فضل الرحمن کی سیاسی چال !!! جے یو آئی (ف) قومی اسمبلی میں ایک اور قرارداد پیش کرے گی
August 6, 2015
اسلام آباد (92نیوز) پی ٹی آئی ارکان کے ڈی سیٹ ہونے سے بچنے کی امید پیدا ہو گئی۔ فضل الرحمن تحریک واپس لینے پر مشروط طور پر رضامند ہو گئے ہیں۔ آج قومی اسمبلی میں دوسری تحریک پیش کریں گے۔ سپیکر نے مولانا کی شرائط پوری کرنے کیلئے پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس بلالیا۔ پرویز رشید کا کہنا ہے مولانا نے بڑے پن کا ثبوت دیا، ایم کیو ایم سے بھی اچھی خبر ملے گی۔ تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے سیاسی داو پیچ کھیلتے ہوئے ایک نئی چال چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جب وفاقی وزیر پریز رشید اور محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں تین رکنی وفد ان سے ملنے پہنچا تو مولانا نے پارٹی کا ہنگامی اجلاس بلا لیا اور پارٹی رہنماوں سے مشاورت کے بعد حکومتی وفد سے ملاقات کی۔ حکومتی وفد نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کے اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کے حوالے سے قرارداد واپس لینے کی اپیل کی جس پر مولانا فضل الرحمن نے ایک انوکھی تجویز دی اور حکومتی وفد کو قائل بھی کر لیا۔ مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کی قرارداد سے پہلے جے یو آئی قومی اسمبلی میں ایک اور قرارداد لائے گی جس کے بعد ڈی سیٹ کرنے کے حوالے سے قرارداد کا فیصلہ ہو گا۔ وفاقی وزیر پرویز رشید اور محمود خان اچکزئی بھی مولانا فضل الرحمن کی تائید کرتے نظر آئے تاہم حکومت اور جے یو آئی نئی قرارداد کا متن میڈیا کے سامنے نہیں لائے۔ صرف اتنا کہا گیا کہ نئی قرارداد آئین اورقانون کی پاسداری کیلئے ہو گی۔ مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ نئی قرارداد تیار کرکے سپیکر قومی اسمبلی کو بھجوائی جائے گی جسے تمام پارلیمانی جماعتوں سے مشاورت کے بعد ایوان میں پیش کیا جائیگا۔ وفاقی وزیر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ نئی قرارداد مولانا فضل الرحمن کے ذاتی یا سیاسی مفادات سے بالاتر اور جمہوریت کی آئینہ دار ہو گی۔