Sunday, October 2, 2022

فضل الرحمان کا زرداری کو جمہوریت کی خاطر وزیراعظم سے ملاقات کا مشورہ

فضل الرحمان کا زرداری کو جمہوریت کی خاطر وزیراعظم سے ملاقات کا مشورہ

اسلام آباد (92نیوز) لندن میں آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات کے دوران سابق صدر نے وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کا امکان مسترد نہیں کیا۔ سابق صدر نے وزیراعظم کی صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا پیغام بھی بھجوایا۔

تفصیلات کے مطابق لندن میں سابق صدر آصف زرداری سے ہونے والی مولانا فضل الرحمان کی ملاقات میں سیاسی برف پگھلنے لگی ہے۔ آصف زرداری نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کا مشورہ مسترد نہیں کیا اور کہا ہے کہ انہیں نواز شریف سے ملنے میں کوئی عار نہیں ہے تاہم ملاقات کے بارے میں پارٹی سے مشاورت ضرور کروں گا۔

ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پانامہ انکشافات کی آڑ میں جمہوری نظام کو لپیٹنا نہیں چاہیے۔ آپ کو وزیر اعظم نواز شریف سے ضرور ملنا چاہیے۔ سیاسی ملاقاتوں میں بہت سے مسائل گفتگو سے ہی حل ہو جاتے ہیں‘ سیاسی رابطے کبھی ختم نہیں ہوتے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں آصف زرداری نے شکوہ کیا کہ پیپلز پارٹی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انھیں سیاسی حکومت سے ایسے اقدامات کی توقع نہیں تھی۔ انتقامی کارروائیوں کے باوجود پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوری اقدار کی پاسداری کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی حالات پر گہری نظر ہے۔ جمہوریت ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔ نواز شریف سے ملاقات کے بارے میں پارٹی رہنماوں سے مشاورت کروں گا۔ ذرائع کے مطابق سابق صدر نے وزیر اعظم نواز شریف کی صحت کے بارے میں بھی تشویش کا اظہار کیا اور مولانا فضل الرحمان کے ذریعے نیک خواہشات کا پیغام بھی بھجوایا۔