Friday, September 30, 2022

فردوس عاشق نے توہین عدالت کیس میں جواب جمع کرادیا

فردوس عاشق  نے توہین عدالت کیس میں جواب جمع کرادیا
اسلام آباد ( 92 نیوز) توہین عدالت کیس میں وزیر اعظم کی مشیر برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے جواب جمع کر ادیا۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کی جانب سے جواب  ان کے وکیل نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرایا  جس میں ایک بار پھر عدالت سے غیر مشروط معافی طلب کی گئی ہے ۔ جمع کرائے گئے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ  میں اپنے آپ کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتی ہوں ،  پاکستان کی ہر عدالت اور جج کا بے حد احترام کرتی ہوں ، عدلیہ کی آزادی پر یقین ہے،  نواز شریف کی اپیل پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہیں کی۔ جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا کہ  اگر مقدمے پر اثر انداز ہونے کا تاثر ملا تو اس پر بھی معافی مانگتی ہوں، عدالت یا مقدمے پر اثر انداز ہونے کی کبھی نیت بھی نہیں تھی۔