Monday, October 3, 2022

فرانس حکومت نے بون ڈیزار پل سے 45ٹن وزنی ”محبت کی یادگار“ تالے اتارنے کا فیصلہ کر لیا

فرانس حکومت نے بون ڈیزار پل سے 45ٹن وزنی ”محبت کی یادگار“ تالے اتارنے کا فیصلہ کر لیا
پیرس (ویب ڈیسک) فرانس حکومت نے پیرس میں دریائے سین پر بنے تاریخی ”بون ڈیزار“ پل پر محبت کی یادگار کے طور پر لگائے گئے ہزاروں تالے تلف کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ان تالوں کے بوجھ سے ایک سال قبل پل کا کچھ حصہ ٹوٹ کر دریا میں جا گرا تھا۔ "بون ڈیزار" پل فرانس کے تاریخی اور مشہور مقامات میں سے ایک ہے جو دارالحکومت کا خوبصورت ترین مقام بھی سمجھا جاتا ہے۔ عشق ومحبت کے اسیر رومانس پسند لوگ یہاں آتے اور اپنے محبوب سے محبت کے نام پر تالے لگاتے ہیں۔ پل کے کسی حصے پر قفل لگانے کے بعد اس کی چابی دریا میں پھینک دی جاتی ہے۔ پچھلے سال تالوں کا بوجھ اتنا بڑھ گیا تھا کہ پل کا ایک حصہ ہی دریابرد ہوگیا تاہم اس وقت اتفاق سے پل پر کوئی شخص نہیں تھا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ حال ہی میں پیرس بلدیہ نے پل کی حفاظت کے نقطہ نظر سے وہاں پر لگائے گئے تمام تالے اتار کر انہیں تلف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ان تالوں کا وزن 45 ٹن سے زیادہ ہوچکا ہے اور یہ پل کےلئے کسی بڑے خطرے سے کم نہیں ہے۔