Tuesday, April 30, 2024

فرانزک ایجنسی نے سانحہ چونیاں کے ملزم سے آئی جی کو لاعلم رکھا

فرانزک ایجنسی نے سانحہ چونیاں کے ملزم سے آئی جی کو لاعلم رکھا
October 3, 2019
لاہور (روزنامہ 92 نیوز )وزیر اعلیٰ سے شاباش وصول کرنے کی غرض سے سربراہ فرانزک ایجنسی  نے آئی جی پنجاب کو سانحہ چو نیاں کے ملزم کی شناخت کے معاملہ سے لاعلم رکھ کر ایوان وزیر اعلیٰ کو اسکی ڈی این اے رپورٹ پیش  کی ۔

سانحہ چونیاں کا ملزم 15 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے

فرانزک ایجنسی  سے رپورٹ ملنے پر  وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ایمرجنسی میں آئی جی کو طلب کر لیا ،  ذرائع نے بتایا کہ قواعد کے مطابق فرانزک سائنس لیبارٹری ملزموں کے ڈی این اے ٹیسٹ کے حوالے سے سامنے نتائج کی رپورٹ سب سے پہلے آئی جی پنجاب کو دینے کی پابند تھی  مگر لیبارٹری حکام نے ملزم سہیل شہزاد کا ڈی این اے سیمپل مقتول بچوں کے ساتھ میچ ہونے کی رپورٹ سب سے پہلے ایوان وزیر اعلیٰ کو دی اور شاباش وصول کر لی۔ ذرائع نے بتایا کہ آئی جی کو وزیر اعلیٰ نے ہنگامی بنیادوں پر کال کرکے ایوان وزیر اعلیٰ بلوایا، اور اس بارے میں اطلاع دی ،  آئی جی پنجاب اہم ترین معاملہ پر لاعلم رہنے سے وزیر اعلیٰ کے سامنے لاجواب ہو گئے ۔

چونیاں میں ایک اور بچے کی باقیات ‏برآمد

وزیر اعلیٰ نے ہی آئی جی پنجاب کو پریس کانفرنس بلانے کی اطلا ع کی ، ذرائع نے بتایا کہ سانحہ چونیاں کے ایک ملزم کی شناخت کیلئے قصور پولیس نے 1649مشکوک افراد کا ڈی این اے کرایا۔پولیس کی تفتیش، ایجنسیوں کی کارروائی و دیگرمعاملات پر مجموعی طور پر کروڑوں روپے خرچ ہوئے ۔ چندروز قبل فرانزک سائنس لیبارٹی حکام نے محکمہ داخلہ پنجاب سے ڈی این اے ٹیسٹوں کیلئے فنڈز طلب کئے تھے ۔