Sunday, January 29, 2023

فاروق ستار کے کوآرڈینیٹر آفتاب احمد کی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری

فاروق ستار کے کوآرڈینیٹر آفتاب احمد کی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری
کراچی (92نیوز) رینجرز حراست میں جاں بحق ہونے والے ڈاکٹر فاروق ستار کے کو آرڈی نیٹر آفتاب احمد کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق آفتاب احمد کے جسم پر جگہ جگہ نیل کے نشانات تھے۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کے کوآرڈی نیٹر آفتاب احمد کی پوسٹ مارٹم رپورٹ منظرعام پر آگئی۔ ڈاکٹرز کہتے ہیں کہ آفتاب احمد کی موت صبح 8 بج کر 20 منٹ پر واقع ہوئی۔ ان کا پوسٹ مارٹم موت کے چھ گھنٹے بعد کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق آفتاب احمد کو نہ تو کوئی اندرونی چوٹیں تھیں نہ ہی جسم کی کوئی ہڈی ٹوٹی۔ آفتاب احمد کے کپڑوں پرخون کے نشانات بھی نہیں تھے۔ ڈاکٹروں نے لکھا ہے کہ آفتاب احمد کے جسم پر جگہ جگہ نیل اور رگڑ کے نشانات تھے۔ ان کے ٹانگوں کے اوپری حصوں اور ٹخنوں پر زخموں کے نشانات تھے۔ پیر کا ناخن بھی متاثر تھا۔ رپورٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ آفتاب احمد کی موت اس کے جسم پر چوٹیں لگنے کے بارہ سے چھتیس گھنٹے بعد ہوئی۔ واضح رہے کہ آفتاب احمد کی موت کی وجہ کیمیکل ایگزامن رپورٹ کے بعد پتہ چلے گی۔