فاروق ستار کا سیاست سے دستبرداری کا اعلان، کاغذات نامزدگی بھی جمع کرا دئیے
کراچی (92 نیوز) ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے لیڈر شپ اور سیاست سے دستبرداری کے اعلان کے باوجود کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے۔
بہادر آباد کے ساتھیوں نے ہری جھنڈی دکھائی تو کارکنوں سے رائے کی اور بڑا فیصلہ کر ڈالا۔ انہوں نے کہا اب کارکن بن کر کام کروں گا اور الیکشن بھی نہیں لڑوں گا۔
الیکشن لڑنے کا فیصلہ لینے میں کس کا دباو تھا، اب تک کوئی نام سامنے نہیں آیا لیکن اس سے قبل لئے گئے یوٹرن میں دباو کی باز گشت رہی، موصوف اس سے قبل سیاست اور ایم کیو ایم چھوڑنے کا بھی اعلان کرچکے ہیں لیکن ایک گھنٹے میں ہی مان گئے تھے۔
ایسے ہی8 نومبر کو پریس کلب میں پی ایس پی چئیرمین کے ساتھ الحاق کیلئے پریس کانفرنس کی اور محض چوبیس گھنٹے میں پلٹی مار گئے۔
بہادر آباد اور پی آئی بی کی پانچ فروری سے جاری رسہ کشی میں دعوے تو بڑے بڑے کئے لیکن جب دال نہ گلی تو بن بلائے بہادر آباد پہنچ گئے۔