Monday, October 18, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

  غیر ملکی این جی اوز حکومتی اجازت کے بغیر فنڈریزنگ نہیں کرسکتیں : چودھری نثار

   غیر ملکی این جی اوز حکومتی اجازت کے بغیر فنڈریزنگ نہیں کرسکتیں : چودھری نثار
October 1, 2015
اسلام آباد(92نیوز)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں کی رجسٹریشن کی نئی پالیسی کا اعلان کرتے ہوے کہا ہے کہ قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،یہ تنظمیں حکومتی اجازت کے بغیر فنڈز اکٹھے نہیں کرسکیں گی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں بین الاقوامی این جی اوز کو ماضی میں کھلی چھٹی دی گئی، بڑی بڑی غیر ملکی این جی اوزکی رجسٹریشن نہیں ہوئی ہائی سیکیورٹی والے علاقوں میں بھی این جی اوز کام کر رہی ہیں، انٹیلی جنس کی بنیاد پر بعض این جی اوز کو بند کیا گیا۔ چوہدری نثارعلی خان نے کہا کہ ساڑھے 3 مہینے میں این جی اوز سے متعلق پالیسی تیار کرلی گئی ہے، این جی اوز سے متعلق نئی پالیسی کے 3 حصے ہیں، اب این جی اوز کی رجسٹریشن کامعاملہ وزارت داخلہ دیکھے گی۔ بین الاقومی این جی اوز کو حکومت کےساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنا ہوں گے۔ این جی اوز حکومت کی اجازت کے بغیر فنڈ ریزنگ نہیں کرسکتیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت رجسٹریشن اور منظوری کے کام میں شفافیت لارہی ہے ، این جی اوز کی رجسٹریشن کی نگرانی کےلیے کمیٹی بنادی گئی ہے، این جی اوز کی مینوئل رجسٹریشن ختم کردی گئی ہے اب تمام رجسٹریشن فارم ان لائن ملیں گے، وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسلحہ لائسنس ہوں یا بلٹ پروف گاڑیوں کا معاملہ، ہر چیز میں آوے کا آوا ہی بگڑا ہوا ہے۔ پاکستان میں حکومت کرنا مشکل ہوگیا ہے، یہاں صحیح کام کرنا مشکل ترین اور غلط کام کرنا آسان ترین ہے، پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے تو ہمیں قومی مفاد کو دیکھنا ہوگا انہوں نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ میں خلاف ضابطہ بھرتی ہونے والے ۳۷ ملازمین کو برخاست کردیا گیا ہے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ پالیسی بنانے سے معاملات میں 100 فیصد بہتری نہیں آسکتی، اس کے لئے مکمل مانیٹرنگ بھی کی جائے گی، تمام این جی اوز آئندہ60دنوں میں درخواست دے سکتی ہیں ۔اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے نیوز بریفنگ میں بتایا کہ زر مبادلہ کے ذخائر 20 ارب ڈالر سے زائد ہو گئے ہیں یہ ملک میں پہلی بار ہوا ہے۔
تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لیے فوری اطلاع کی اجازت دیں

آپ کسی بھی وقت دائیں طرف نیچے بیل آئیکن پر صرف ایک کلک کے ذریعے آسانی سے سبسکرائب کر سکتے ہیں۔