Wednesday, October 5, 2022

غیر قانونی بھارتی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت میں 4 کشمیری نوجوان شہید

غیر قانونی بھارتی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت میں 4 کشمیری نوجوان شہید
 سرینگر (92 نیوز) غیر قانونی بھارتی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت میں مزید 4 کشمیری نوجوان شہید ہو گئے جس کے بعد 8 روز میں شہید ہونے والوں کی تعداد 12 ہو گئی۔ سری نگر، شوپیاں، بڈگام، اور اننت ناگ میں کیے گئے آپریشن میں 10 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا جاچکا ہے جب کہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے لاشیں لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ ادھر مودی حکومت نے مقبوضہ وادی میں آزادی رائے پر ایک اور حملہ کرتے ہوئے کشمیر ٹائمز کو سیل کر دیا ہے۔ کشمیر ٹائمز مقبوضہ کشمیرکا سب سے پرانا اخبار ہے۔ کشمیر ٹائمز کی انتظامیہ نے اقدام انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دفتر بند کرنے سے متعلق کوئی نوٹس نہیں دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے خلاف بولنے پر نشانہ بنایا گیا ہے، کشمیرمیں میڈیا پابندیوں کے خلاف سپریم کورٹ جانے پر بھی نشانہ بنایا گیا۔