Thursday, January 20, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

بااثر افراد سے ٹکر کی سزا، آئی جی سندھ کو فارغ کرنے کا فیصلہ

بااثر افراد سے ٹکر کی سزا، آئی جی سندھ کو فارغ کرنے کا فیصلہ
December 19, 2016

کراچی (92نیوز) سیاسی شخصیت کے آگے گھٹنے نہ ٹیکنے والے آئی جی سندھ کو باہر کا راستہ دکھا دیا گیا۔ بیرون ملک مقیم سیاسی اور کاروباری شخصیت سے اختلافات شدید ہوئے تو اے ڈی خواجہ رخصت پر چلے گئے۔ سندھ کی بااثر خاتون کو سیاسی بنیادوں پر بھرتیاں اور تقرریاں نہ کرنے پر تحفظات تھے۔

تفصیلات کے مطابق پولیس کو سیاسی بنیادوں پر کام کرنے سے روکنے کی سزا کے طور پر آئی جی سندھ بااثر شخصیات کے زیرعتاب آ گئے۔ سندھ پولیس کے سربراہ کو بااثرشخصیت کی ایما پر فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اے ڈی خواجہ کو سندھ کی بااثر خاتون کے دباو پر اس سے قبل بھی ہٹانے کی کوشش ہوئی مگر وفاق اور وزیراعلٰی سندھ آڑے آئے اور ایسا نہ ہونے دیا۔

سیاسی بنیادوں پر بھرتیاں اور تقرریاں نہ کرنے پر سندھ کی بااثر خاتون شخصیت اے ڈی خواجہ سے نالاں تھیں۔ بااثر خاتون کے بعد دوسرا تنازع ہوا آئی جی سندھ کا بااثر کاروباری شخصیت سے۔ سندھ کی بااثر کاروباری شخصیت سے تنازعے کے بعد اے ڈی خواجہ کو گھر بٹھانے کا فیصلہ ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی سندھ نے بدین میں پولیس کا سیاسی بنیادوں پر استعمال کرنے سے روکا تھا جس پر سندھ کی بااثر کاروباری شخصیت نے دبئی میں رابطہ کیا اور احکامات جاری کرا کر آئی جی سندھ کو عہدے سے ہٹانے کا پلان فائنل کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی سندھ کے رخصت پر جانے کے بعد نئے آئی جی سندھ کی تقرری کی جائے گی جب کہ ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر کو آئی جی سندھ کا اضافی چارج دیدیا گیا۔