Saturday, July 27, 2024

غلط فیصلے پر بات کرنا ان کا اور ان کی پارٹی کا بنیادی حق ہے ، سابق وزیر اعظم

غلط فیصلے پر بات کرنا ان کا اور ان کی پارٹی کا بنیادی حق ہے ، سابق وزیر اعظم
March 21, 2018

 اسلام آباد (92 نیوز) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے عدلیہ پر تنقید کی روش نہ بدلی ۔ احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم ایک مرتبہ پھر عدلیہ پر برس پڑے ۔

 نواز شریف نے کہا کہ غلط فیصلے پر بات کرنا ان کا اور ان کی پارٹی کا بنیادی حق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاناما فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں ۔ درخواست گزار نے خود بھی تسلیم کیا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ کمزور ہے ۔

 نوازشریف نے عدلیہ کے ساتھ ساتھ اپنے روایتی حریف عمران خان کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ عمران خان نے اقبال جرم کیا، لیکن اس کے باوجود عدالت نے انہیں صادق اور امین قرار دے دیا ۔

 نواز شریف نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ کا ریکارڈ دیکھ لیں، پتہ چل جائے گا کہ عمران خان کتنا صادق اور امین ہے ۔

 سابق وزیر اعظم نے پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیرترین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کی جانب سے جہانگیر ترین کو بھی نااہل کیا گیا لیکن اس پر تو کوئی جے آئی ٹی نہیں بنائی گئی ۔