غلافِ کعبہ’’ کِسوہ‘‘ تبدیل کر دیا گیا

مکہ مکرمہ (92 نیوز) بیت اللہ شریف کا غلاف تبدیل کردیا گیا۔ نماز فجر کے بعد شروع ہونے والی غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب چار گھنٹے تک جاری رہی۔ غلاف کعبہ کی تیاری میں کتنی لاگت آئی اور یہ کتنےعرصےمیں تیارکیا گیا۔
خانہ خدا کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے والے غلاف کعبہ کو ہر سال ایام حج میں تبدیل کیا جاتا ہے۔ غلاف کی اہمیت کے پیش نظر اسکی تیاری بھی خصوصی طور پر کی جاتی ہے۔
اس دفعہ تیار کئے گئے غلاف کعبہ میں 670 کلو گرام خالص ریشم استعمال کیا گیا ہے جبکہ اس میں 150 کلو خالص سونا اور چاندی بھی استعمال کی گئی ہے۔ غلاف کعبہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ مخصوص کارخانے میں تیار کیا گیا۔
سعودی عرب میں غلافِ کعبہ تیار کرنے والے کارخانے کے مینجر محمد باجودہ کا کہنا ہے کہ اس دفعہ کسوہ کی تیاری میں تقریباً 9 ماہ کا وقت لگا اور اسے 200 سے زائد مزدوروں نے تیار کیا۔
غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب میں شاہی خاندان کے افراد، مختلف ملکوں کے سفیروں، گورنریٹ کے اعلیٰ عہدیداروں، حرمین شریفین انتظامیہ اور علما و مشائخ نے شرکت کی۔ غلاف کعبہ کی تبدیلی 86 ماہرین کے ہاتھوں انجام پائی۔
غلاف کعبہ ہر سال 9 ذی الحج کو تبدیل کیا جاتا ہے جبکہ اتارے جانے والے غلاف کے ٹکڑے بطور ہدیہ مختلف اسلامی ممالک کے سربراہان اور معززین کو دے دیئے جاتے ہیں۔