Tuesday, September 17, 2024

غزہ کی سرحد پر احتجاج کے دوران فائرنگ ، خاتون پیرامیڈک شہید

غزہ کی سرحد پر احتجاج کے دوران فائرنگ ، خاتون پیرامیڈک شہید
June 2, 2018
غزہ (92 نیوز) فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کا طوفان تھم نہ سکا۔ غزہ کی سرحد پر ہفتہ وار احتجاج کے دوران فائرنگ سے خاتون پیرامیڈک شہید اور چالیس زخمی ہوگئے ۔ خبر ایجنسی کے مطابق غزہ میں خان یونس کے  قریب سرحد پر ہفتہ احتجاج  پر براہ راست گولیاں برسائیں اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی ۔ اس دوران اکیس سالہ پیرا میڈک رزان النجر گردن پر  گولی لگنے سے شہید ہوگئی ۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق رزان النجر کو اُس وقت گولی ماری گئی جب وہ باڑ کے قریب زخمیوں کو طبی امداد دے رہی تھیں ۔ دوسری جانب  کویت نے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں فلسطینیوں کو تحفظ دینے کی قرارداد  پیش کی ۔ چین،روس اور فرانس نے  قرارداد کے حق میں ووٹ دیا تاہم امریکا نے حسب روایت اِسے ویٹو کر دیا۔ امریکی مندوب نکی ہیلی نے خطاب کرتے ہوئے انتہائی ڈھٹائی کیساتھ اسرائیل کو مظلوم قرار دیا۔ اجلاس کے دوران امریکا کو اُس وقت منہ کی کھانا پڑی جب فلسطینی تنظیم حماس کیخلاف اُس کی پیش کردہ قرارداد  کے حق میں کسی بھی رکن ملک نے ووٹ نہیں دیا۔ فلسطینی حکام کے مطابق غزہ میں تیس مارچ سے جاری احتجاج کے دوران ایک سوتئیس فلسطینی شہید اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔