لاہور: (ویب ڈیسک) 15 ماہ سے جاری اسرائیلی جارحیت کے خاتمے اور جنگ بندی کے آغاز کے بعد فلسطینی مزاحمتی جنگجوؤں نے غزہ کی سڑکوں پر گشت کیا، جہاں شہریوں کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں کی طرف سے جاری کی گئی ویڈیوز اور تصاویر میں فلسطینی مزاحمتی جنگجو غزہ کے دیر البلاح اور خان یونس علاقوں کی سڑکوں پر گشت کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ اس موقع پر شہریوں نے نعرے لگا کر اور ہاتھ ہلا کر مزاحمت کاروں کا استقبال کیا۔
اسرائیل اور حماس کے درمیان اتوار کے روز غزہ کی پٹی میں جنگ بندی ہوئی، جس نے ابتدائی 6 ہفتے کے دورانیے میں امن کا آغاز کیا اور عسکریت پسندوں کے زیرِ قبضہ درجنوں یرغمالیوں کی رہائی اور 15 ماہ سے جاری تباہ کن تنازعے کے خاتمے کی امیدیں بڑھا دی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نومنتخب صدر ٹرمپ کا بڑا اقدام! چینی ہم منصب سے رابطہ: صلح کا پیغام؟
حماس کی طرف سے آخری منٹ کی تاخیر نے جنگ بندی کے آغاز کو تقریباً تین گھنٹے تک ملتوی کر دیا تھا لیکن جنگ بندی کے باضابطہ طور پر نافذ ہونے سے پہلے ہی، جنگ زدہ علاقے میں جشن کا سماں شروع ہوگیا تھا۔
جنگ بندی کے بعد کچھ فلسطینی اپنے گھروں کو لوٹنے لگے۔ دریں اثنا، اسرائیل نے پہلے یرغمالیوں کے ناموں کا اعلان کیا جو اتوار کے آخر میں وطن واپس پہنچیں گے، جس کے بدلے میں درجنوں فلسطینی قیدیوں کی منصوبہ بند رہائی کی گئی ہے۔