غزہ میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید، 20 زخمی

غزہ (92 نیوز) اسرائیلی فورسز کی نہتے فلسطینیوں کیخلاف ظالمانہ کارروائیوں کی روداد جاری ہے۔ صیہونی فورسز نے اسرائیل غزہ سرحد پر احتجاج کرتے فلسطینیوں پر فائرنگ کی جس میں ایک فلسطینی شہید جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔
تیس مارچ سے جاری احتجاج میں اب تک 184 فلسطینی شہید اور 20 ہزار 180 زخمی ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطین میں رہائشی علاقوں کو مسمار کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ مشہور گاؤں خان الاحمر کے رہائشیوں کو تحریری دھمکی دی گئی ہے کہ وہ 8 روز میں گاؤں خالی کر دیں ورنہ جبراً یہ قدم اٹھایا جائے گا۔
اسرائیلی وزارتِ دفاع نے کہا کہ عدالتی حکم کے تحت خان الاحمر کے مکینوں کو ایک نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ یکم اکتوبر تک یہاں موجود تمام تعمیرات اور مکان کو مسمار کر کے یہاں سے چلے جائیں۔