Saturday, October 1, 2022

عید میلاد النبیﷺ پر سندھ کے مختلف شہروں میں موبائل فون سروس معطل

عید میلاد النبیﷺ پر سندھ کے مختلف شہروں میں موبائل فون سروس معطل

کراچی (92 نیوز) عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں موبائل فون سروس بند کر دی گئی۔ محبوب خدا، سرور کائنات اور محسن انسانیت حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کا جشن ولادت انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں میلاد اور درود و سلام کی محافل منعقد کی جا رہی ہیں۔
شہر شہر نگر نگر جلوسوں اور ریلیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے اور درود و سلام کے نذرانے پیش کیے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
سندھ میں موبائل فون سروس صبح آٹھ سے رات دس بجے تک بند رہے گی۔
دوسری طرف کوئٹہ میں بھی عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں محافل نعت کے ساتھ ساتھ مختلف علاقوں سے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ سکیورٹی کے لیے صبح آٹھ بجے سے دوپہر دو بجے تک موبائل فونز سروسز معطل کر دی گئی۔