Thursday, September 19, 2024

عمرکوٹ کے علاقے غلام نبی شاہ کے قریب 13سال کی بچی سے زیادتی، بیس من گندم کے عوض ملزم بری

عمرکوٹ کے علاقے غلام نبی شاہ کے قریب 13سال کی بچی سے زیادتی، بیس من گندم کے عوض ملزم بری
April 2, 2016
عمرکوٹ (نائنٹی ٹو نیوز) غلام نبی شاہ کے قریب 13 سالہ بچی سے زیادتی واقعہ کا ملزم جرگہ نے 20 من گندم کے عوض بری کر دیا اور متاثرہ خاندان کو گاؤں سے بے دخل کر دیا۔ کانپتے ہاتھوں اور پھٹے پرانے دوپٹے سے اپنے ہی آنسو پونچنے والی حوا کی یہ بیٹی انصاف کا تقاضا کرتی ہے، ان حکمرانوں سے جو آئے روز خواتین کے حقوق کا ڈھول پیٹ کر اسمبلیوں میں بل لاتے ہیں۔ عمرکوٹ کے چھوٹے گاؤں سائنداد منگریو کی رہائشی تیرہ سالہ رانی کو دو بااثر ملزمان نے گزشتہ ہفتہ اور اتوار کی شب اغوا کے بعد اجتماعی زیادتی کا نشانه بنایا۔ میڈیا کے دباؤ کے باعث غلام نبی شاہ تھانے کی پولیس نے واقعہ کے چوبیس گھنٹے کے بعد دو ملزمان کے خلاف مقدمہ تو درج کر لیا مگر پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے کے بجائے ملزمان سے صلح کرانے کے چکر میں ہے۔ یہ ہی سبب ہے کہ بااثر ملزمان متاثرہ خاندان کو کبھی دھمکی دیتے ہیں تو کبھی علاقائی تعلق کا حوالہ جبکہ میڈیکل چیک اپ کے مراحل مکمل کرنے کا جواز بنا کر متاثرہ لڑکی کو کبھی پتھورو تو کبھی عمرکوٹ ہسپتال بھیجا جا رہا ہے۔ واقعہ کو تین روز گزرنے کے باوجود نہ تو کسی بڑی سیاسی جماعت کے مقامی رہنما نے اور نہ کسی این جی او کے نمائندے نے متاثرہ خاندان سے اظهار ہمدردی کی البتہ قوم پرست کارکنان کی جانب سے احتجاج کیے جا رہے ہیں۔ گذشته ایک سال کے دوران غلام نبی شاہ تھانے کی حد میں جنسی زیادتی کے چھے واقعات ہو چکے ہیں مگر کسی ایک واقعہ کا ملزم بھی کیفرکردار تک نہیں پہنچ سکا ہے۔