Thursday, October 6, 2022

عمران خان کی تحریک کسی کے اشارے پر تھی : اپوزیشن لیڈر

عمران خان کی تحریک کسی کے اشارے پر تھی : اپوزیشن لیڈر
سکھر (92نیوز) عمران خان نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو آڑے ہاتھوں لیا تو انہوں نے بھی جواباً تنقیدی تیر چلا دیے اور کہا عمران خان نے یوٹرن لیا ہے۔ ان کی تحریک کسی کے اشارے پر تھی۔ ہم نے کبھی آمر کے سامنے سر نہیں جھکایا۔ عمران خان سولو فلائٹ کر رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلے گی۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے جلسہ تشکرمیں اپوزیشن لیڈر کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تو خورشید شاہ بھی سکھرمیں میڈیا کے سامنے جواب دینے آ گئے اور کہنے لگے کہ عمران خان کی تحریک کسی کے اشارے پر تھی۔ عمران خان تو ڈر کے مارے گھر سے باہر نہیں نکلے۔ پیپلزپارٹی نے آمروں سے ڈنڈے کھائے لیکن سر نہیں جھکایا۔ خورشید شاہ نے عمران خان کو سولوفلائٹ کا طعنہ بھی دے دیا اورکہا کہ سپریم کورٹ نے پاناما لیکس کیس کی سماعت کیلئے تاریخ تو پہلے ہی دے دی تھی پھر انہوں نے دھرنے کا اعلان کیوں کیا۔ اتنی باتیں کر کے پیچھے ہٹ جانا ہضم نہیں ہوتا۔ اپوزیشن لیڈر نے اس الزام کو بھی مسترد کر دیا کہ ان کی جماعت وزیراعظم کو بچا رہی ہے بلکہ ان کا کہنا تھا کہ ہم جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے جاتے جاتے وزیراعظم کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اورکہا کہ نوازشریف نے ملک کو تباہ کر دیا۔ مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف حکومتی پالیسیاں بھی درست نہیں۔