Wednesday, September 28, 2022

عمران خان کا ووٹ ضائع ہوتے ہوتے رہ گیا ، کپتان بیلٹ پیپر کو فولڈ کرنے سے لاعلم

عمران خان کا ووٹ ضائع ہوتے ہوتے رہ گیا ، کپتان بیلٹ پیپر کو فولڈ کرنے سے لاعلم
اسلام آباد(92نیوز)تحریک انصاف کے کپتان عمران خان کا  ووٹ ضائع  ہوتے ہوتے رہ گیا ،بیلٹ پیپرکو فولڈ کرنے سے لاعلمی پر   ایک شخص نے  ایسا ان سوئنگ یارکر مارا کہ مخالفین کو باؤنسر مارنے والے عمران خان کلین بولڈ ہوگئے ۔ یہی نہیں عمران خان نے سیاہی بھی دونوں انگوٹھوں پر لگوالی۔ تفصیلات کےمطابق مخالفین پر تنقیدکاکوئی بھی موقع ہاتھ سے نہ جانے دینے والے عمران خان اس مرتبہ خود ہی کلین بولڈ ہوگئے، کپتان ووٹ ڈالنے پہنچے تو پولنگ بوتھ کے اندر بیلٹ پیپر پر مہر لگانے کے بعد اسے تہہ کرنے کا طریقہ ہی بھول گئے  ۔  مہر لگا کر ایسے الٹا سیدھا  لپیٹا کہ ووٹ ضائع ہی ہوجاتا ۔ دونوں انگوٹھوں پر لگی سیاسی نے  بھی ظاہر کر دیا  کہ  تحریک انصاف کے چیئرمین کو ووٹ کاسٹ کرنا ہی نہیں آتا۔ کپتان نے بتایا کہ وہ پہلی  مرتبہ بلدیاتی الیکشن میں ووٹ ڈال رہے ہیں  اور انہیں  بیلٹ پیپر کو تہہ کر کے بکس میں ڈالنا آتا ہی نہیں ۔ خان صاحب  آپ کو ووٹ ڈالنا نہیں آتا تو قوم کا کیا بنے گا ؟؟ قریب کھڑے شخص کا یہ سوال شاید کپتان کو مدتوں یاد رہے گا۔ دوسروں پر تنقیدی نگاہ رکھ کر باؤنسر مارنےوالے عمران خان اپنے اوپر جائز تنقید پر مسکرائے اورچل دیئے کیونکہ جانا تو بنتا ہی تھا ۔