Sunday, October 2, 2022

عمران خان چار سال سے ماہانہ پرمٹ پر حکومت چلارہے ہیں ، احسن اقبال

عمران خان چار سال سے ماہانہ پرمٹ پر حکومت چلارہے ہیں ، احسن اقبال

لاہور ( 92 نیوز ) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال اقبال نے کہا کہ عمران خان چارسال سے ماہانہ پرمٹ پر حکومت چلا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی میں پھوٹ پڑ چکی ہے ۔ عمران خان سینیٹ الیکشن سے بچنے کیلئے عام انتخابات قبل از وقت چاہتے ہیں ۔ مجھے وفاداری بدلنے کیلئے 2002 میں اٹھوایا گیا تھا ۔
یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں خطاب کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ختم نبوت ایمان کا حصہ ہے کسی ثبوت کے بغیر الزام اسلام کے خلاف ہے ۔ انہوں نے سیاسی مخالفین کوسخت لفظوں میں للکارا کہ پاکستان کو چلنے دو ، روڑے نہ اٹکاؤ،1997 والی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی ۔
وزیرداخلہ نے عدلیہ کے فیصلوں پر فوری عملدرآمد کا ذکر تو کیا مگر ساتھ ہی یہ بھی کہہ دیا کہ عدلیہ کے بین الاقوامی سطح پر بدنام ہونے کی باتیں ہورہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹوکی پھانسی کے فیصلے کو پیپلزپارٹی نے قبول نہیں کیا ۔قوم نے نوازشریف کے خلاف ہونے والے فیصلے کو بھی قبول نہیں کیا ۔
وزیرداخلہ نے عمران خان کو ہدف بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان 2013 سے ہمیں ایک ماہ کے پرمٹ پرچلا رہے ہیں ۔ کے پی میں ان کے اپنے ایم پی ایز نے بغاوت کردی ہے ۔
قبل ازیں انجینئرنگ یونیورسٹی کے کانووکیشن میں وزیرداخلہ نے اسناد تقسیم کیں ۔ وائس چانسلر نے احسن اقبال کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دی ۔