Friday, September 13, 2024

عمران خان پاکستان کی سیاست کا غیر ضروری حصہ ہے ، مولانا فضل الرحمن

عمران خان پاکستان کی سیاست کا غیر ضروری حصہ ہے ، مولانا فضل الرحمن
July 4, 2021

سوات (92 نیوز) مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے عمران خان پاکستان کی سیاست کا غیر ضروری حصہ ہے۔ اس کے جانے کے دن قریب آ گئے۔

مولانا فضل الرحمن نے سوات میں پی ڈی ایم جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا عمران خان نے وزیراعظم ہوتے ہوئے بھی قومی سلامتی کے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ آج کل امریکا، برطانیہ اور مشرف کے خلاف بول رہے ہیں۔ جب مشرف غلط فیصلے کر رہا تھا تب عمران خان اس کا سپاہی تھا۔ آج عمران خان کہتے ہیں مشرف کے فیصلے غلط تھے۔ حکومت بنانے سے قبل اور بعد میں بھی عمران خان کی کوئی اہمیت نہیں۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا عوام کا جذبہ سرد نہیں ہوا۔ عوام ملک میں آئین کی حکمرانی کیلئے پرجوش ہیں۔ سی پیک عظیم الشان منصوبہ ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں عمران خان کو بلایا گیا اور نہ ہی پوچھا گیا۔

ادھر شہباز شریف کا جلسے سے خطاب میں کہنا تھا عمران نیازی کو کس پیر نے کہہ دیا ہمیں ایٹمی طاقت کی ضرورت نہیں؟ عمران خان اہم اجلاسوں میں نہیں آتا، ہمیشہ جھوٹ بولتا اور یوٹرن لیتا ہے۔ عمران خان نے ڈیم بنا کر سستی بجلی فراہم کا وعدہ کیا تھا۔ سستی بجلی تو دور کی بات ہے، آج مہنگی بجلی بھی موجود نہیں ہے۔ نواز شریف نے اندھیرے ختم کر کے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا۔

شہباز شریف نے کہا آج ملک میں تاریخی مہنگائی ہے۔ کروڑوں لوگ خط غربت سے نیچے جا چکے ہیں۔ ایک کروڑ نوکریاں ملنے کی بجائے بڑی تعداد میں لوگ بے روزگار ہو گئے۔ آکسیجن نہ ہونے پر پشاور میں مریض دم توڑ گئے۔ اس نئے پاکستان سے تو پرانا پاکستان بہتر تھا۔

شہباز شریف بولے چینی باہر سے منگوا کر اربوں روپے جیبوں میں ڈالے جاتے ہیں۔ خیبرپختونخوا کے اربوں روپے بی آر ٹی پشاور پر خرچ ہو گئے۔ پاکستان تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا گیا ہے۔ پٹرول مہنگا ہو گیا، کھانے پینے کی ہر چیز کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔