عمران خان نے کے پی کے میں کون سی دودھ اور شہد کی نہریں نکالی ہیں : حمزہ شہباز
لاہور(92نیوز)مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دھاندلی کا واویلا کرنے والوں کو گیارہ اکتوبر کو سمجھ آجائے گی ،پہلے بھی ایاز صادق جیتے اب بھی عوام انہیں ووٹ دے کرکامیاب کرینگے۔
این اے ایک سو بائیس کے ضمنی الیکشن کیلئے انتخابی مہم کے سلسلہ میں مسلم لیگ ن کے مرکزی دفتر اچھرہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ حلقہ کے لوگ نواز شریف سے محبت کرتے ہیں،عمران خان کو بڑھکیں مارنے کا شوق ہے تو جگر بھی شیر جیسا رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوششوں کی وجہ سے کراچی میں امن قائم ہو رہا ہے جبکہ آپریشن ضرب عضب بھی کامیابی سے جاری ہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ علیم خان اور جہانگیر ترین جیسے کرپٹ لوگوں کو ساتھ ملا کر نیا پاکستان بنانے کے دعوے کئے جا رہے ہیں۔
حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ تحریک انصاف نے کونسا کے پی کے میں دودھ کی نہریں بہا دی ہیں جو اب لاہور کا رخ کر لیا ۔