Saturday, September 21, 2024

عمران خان نے چینی صدر کا دورہ منسوخ کرایا : حمزہ شہباز شریف

عمران خان نے چینی صدر کا دورہ منسوخ کرایا : حمزہ شہباز شریف
October 9, 2015
لاہور(92نیوز)مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے دھرنےکرکے چینی صدر کا دورہ منسوخ کرایا ۔دھرنے کے دوران بڑے بڑے بول بولنے والے عزت دار کی عزت اچھالتے رہے ہیں ۔عمران خان شہر بند کراتے ہیں لیکن نواز شریف شہر قائد کو بھی آباد کرتے ہیں اور اس میں امن لاتے ہیں ۔ ڈونگی گراونڈ سمن آباد میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران خان آج یہاں آکر دیکھ لو یہاں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر ہے ہم نے آپ کے دھرنے کا دھڑن تختہ ہوتے بھی دیکھا ہے۔ان کا  کہنا تھا کہ عمران خان اخلاق سے گری ہوئی بات کرتے ہیں لیکن ہم ایسی کوئی بات نہیں کرینگے ،ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے قوم کے ڈھائی سال ضائع کر دیے ہیں دھرنے کی وجہ سے چینی صدر کا دورہ بھی منسوخ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان دھرنے کے لیے جارہے تھے تو وزیراعظم نے کہہ دیا تھا کہ جوڈیشل کمیشن بنادیتے ہیں لیکن ان کے ارادے تو کچھ اور ہی تھی ،یہ چاہتے ہیں کہ حکومت گر جائیگی اور میں وزیر اعظم بن جاونگا ایسا تو نہیں ہوسکا لیکن ان کا دھڑن تختہ ہوگیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ  اقتصادی راہداری ہرصورت  مکمل ہو گی جس سے نیا خوشحال پاکستان جنم لے گا ،ان کا کہنا تھاکہ ساہیوال میں جنوں کی طرح کام ہو رہا ہے میٹرو ٹرین چلے گی تو بلے بلے ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ  علیم خان کے خلاف ایف آئی آرہیں جہانگیر ترین نے مشرف دور میں کروڑوں کا قرضہ معاف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ لیڈر بننے کے لیے عمران خان وزیراعظم جیسا کلیجہ لے کر آئیں لانگ مارچ میں تو نوازشریف کی  جان کو خطرہ تھا لیکن وہ عوام سے وعدے کے مطابق باہر نکلے اور ججز کو بحال کرایا ۔لیکن اس وقت تو عمران خان کہیں نظر بھی نہیں آئے ،ان کا کہنا تھا کہ لاہور والوں کو جنگلہ بس کا طعنہ دیا جاتا ہے  لیکن خود ملک میں طالبان کے دفاتر کھولنے پر رضامند تھے ۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے فنڈز سے سٹہ کھیلا گیا کوئی ترقیاتی کام نہیں کرایا ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک افواج دہشتگردوں کے خلاف بڑی دلیری سے جنگ لڑرہی ہے اور آج ملک میں امن لوٹ رہا ہے ۔